نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ریاست مشی گن میں گزشتہ روز 66سالہ لواین ڈیجن نامی خاتون کی کورونا وائرس کے باعث موت واقع ہو گئی۔ اپنی زندگی کے آخری لمحات میں یہ خاتون انٹرنیٹ پر ایسا کام کرتی رہی کہ سن کر ہر کسی کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ دی مرر کے مطابق لواین ڈیجن کی سینے کی تکلیف جب شدت اختیار کر گئی تو وہ اپنے ایمازون الیگزا سے کورونا وائرس کے علاج سے متعلق باتیں پوچھتی رہی۔ اس نے اپنی موت سے چند گھنٹے پہلے الیگزا سے آخری سوال یہ پوچھا کہ ”کیا تم اس تکلیف سے نجات پانے میں میری مدد کر سکتے ہو؟“
الیگزا ایمازون کی ایک پراڈکٹ ہے جو بنیادی طور پر ایک پرسنل اسسٹنٹ ہے۔ یہ مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کا حامل ہے اور آپ اس سے مختلف حوالوں سے رہنمائی لے سکتے ہیں۔ آپ اس سے کوئی بھی سوال پوچھیں، یہ حتی الامکان آپ کو اس کا جواب دے دیتا ہے۔رپورٹ کے مطابق جب لواین ڈیجن کو کوئی اور آسرا نظر نہ آیا تو اس نے اسی سافٹ ویئر سے سر ٹکرانا شروع کر دیا کہ شاید یہیں سے تکلیف سے نجات کا کوئی راستہ نکل آئے۔ اسے الیگزا سے آخری بار یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ ”میں شدید تکلیف میں ہوں، مجھے اس سے نجات کا کوئی راستہ تلاش کرنا ہی ہو گا۔ کیا تم اس میں میری مدد کر سکتے ہو؟“اس سے قبل اس نے الیگزا سے یہ بھی پوچھا کہ ”میں پولیس تک کیسے پہنچ سکتی ہوں؟“