سعودی حکومت نے کورونا وائرس کے باعث پاکستانی مزدوروں کے لیے انٹری ایگزٹ ویزے میں تین ماہ کی توسیع اور دسمبر تک ویزہ توسیع کی فیس معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی حکومت نے کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ تین ماہ تک پاکستانیوں کو نوکریوں سے برطرف نہ کیا جائے اور تین ماہ تک تنخواہیں بھی ادا کی جائیں۔
منگل کو پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے معاون خصوصی زلفی بخاری نے سعودی وزارت افرادی قوت کے ایک اعلیٰ عہدے دار عبداللہ بن ناصر سے ویڈیو لنک پر رابطہ کیا۔
وزارت سمندر پار پاکستانیز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق زلفی بخاری نے پاکستانی مزدور اور لیبر کمیونٹی کو درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی گفتگو کی۔
اس موقع پر زلفی بخاری نے کہا کہ 'ہم مشکل کی اس گھڑی میں ہم وطنوں کی ہر قسم کی ضروریات پوری کرنا چاہتے ہیں. سعودی حکام سے درخواست ہے کہ پاکستانی مزدوروں سے تعاون بڑھائیں۔ پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے خصوصی اقدامات کی بھی درخواست کرتے ہیں۔'
عبداللہ بن ناصر نے زلفی بخاری کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے بتایا کہ 'سعودی عرب نے انٹری اور ایگزٹ ویزے کی مدت بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، دسمبر تک پاکستانی مزدوروں کے ویزوں کی توسیع بالکل مفت ہو گی۔'
