وفاقی حکومت نے حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کو آرڈی نیشن سنٹر قائم کرنے کا اعلان کردیا۔
اس حوالے سے اعلان وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ایک ٹویٹ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل فلڈ ایمرجنسی میٹنگ کے دوران سیلاب کی تباہ کاریوں سے ادارہ جاتی سطح پر نمٹنے کیلئے نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کو آرڈی نیشن سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کی قیادت وہ خود کریں گے جب کہ اس میں وفاقی وزرا، مسلح افواج کے نمائندے، وزرائے اعلیٰ اور ماہرین بھی شامل ہوں گے۔
وزیر اعظم کے مطابق یہ سنٹر ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹیز ، ڈونرز اور حکومتی اداروں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرے گا۔ اس کے علاوہ یہ سنٹر سیلاب کے حوالے سے تازہ ترین ڈیٹا اکٹھا کرکے اس کا تجزیہ کرے گا اور متعلقہ محکمے کو اس حوالے سے آگاہ کرے گا۔ یہ سنٹر ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام بھی کرے گا۔
اس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت حکومت کی اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس پیر کو وزیراعظم ہاﺅس میں منعقدہواجس میں ملک میں تباہ کن سیلاب سےپیدا ہونے والی صورتحال کاتفصیلی جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزرا، مسلح افواج کے سربراہان سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔